Top Urdu poetry by Azad Hussain Azad

admin

Best Urdu poetry by Azad Hussain Azad

 Top Urdu poetry by Azad Hussain Azad


GHAZAL NO 1 :


ہمیں خوش آئی یہ عادت، کمال کی اپنی

کہ شعر کہہ کے طبیعت بحال کی اپنی


یہ شاملاٹ زمینیں نہیں، مرا دل ہے

بنا ثبوت جتاؤ نہ مالکی اپنی


قسم خدا کی بڑے سود مند ہوتے ہم 

پہ زندگی نے نہیں دیکھ بھال کی اپنی


وہ زود رنج ہے دوہرا عذاب دے گی مجھے 

گلی سے میری گزارے گی پالکی اپنی


تو اپنے زور تلاطمِ سے کہہ ڈبوئے مجھے 

میں آزماؤں گا طاقت اچھال کی اپنی


جو سات رنگ کی کرنیں زمیں پہ آئی ہیں

کسی نے چاند کے آگے ہے شال کی اپنی


Best Urdu poetry by Azad Hussain Azad

آزاد حسین آزاد


GHAZAL NO 2 :


کون یوں سر بسر چراغ لیے

آ گیا بام پر چراغ لیے


یاد کیجے ہم ایسے پھینکے ہوئے

ڈھونڈئیے عمر بھر چراغ لیے


ہم نے دامن کا بھی نہیں سوچا

ہم نے جھولی میں بھر چراغ لیے


روشنی تھی ہمارے جلنے سے

اور ہواؤں نے دھر چراغ لیے


 رات بھر ماہتاب بھٹکا رہا

آگئے آپ گھر...... چراغ لیے


نور  تھے وہ کسی کی آنکھوں کا

جو ہوئے در بدر،،،،،چراغ لیے


ہم نے یوں روشنی کا سودا کیا

دے دیا اپنا سر،،،، ،،، چراغ لیے


آزاد حسین آزاد

GHAZAL NO 3 :

سہانی یاد کا دھوکا، نہ خرچ ہوجائے 

مرا یہ آخری سکہ، نہ خرچ ہوجائے


مجھے یہ شوق،، مرا کم سخن کہے کچھ تو

اسے یہ فکر کہ جملہ نہ خرچ ہو جائے 


گلاب سوکھ نہ جائے کتاب میں رکھا 

پسِ نقاب ہی چہرہ نہ خرچ ہوجائے 


تمہاری آنکھ میں اس واسطے نہیں تکتے 

ہماری پیاس پہ دریا نہ خرچ ہوجائے 


نہ اس طرح بھی سنبھالو کہ یاد ہی نہ رہے

پڑے پڑے ہی وہ پورا نہ خرچ ہوجائے


ترا غرور مقابل ہے عزم و ہمت کے

یزید دیکھنا کوفہ نہ خرچ ہو جائے 


مجھ ایسے دشت پہ دریا مزاج آدمی تُو

نمی کے زعم میں سارا نہ خرچ ہو جائے


آزاد حسین آزاد


GHAZAL NO 4 :


کسی فرائیڈ،، نہ کارلائل سے متصل ہے

مری اداسی مرے مسائل سے متصل ہے


 یہ دھڑکنوں کا گراف اوپر تلے رہے گا 

مریض کا دل کسی کی پائل سے متصل ہے


کبھی جب اٹھتی تھی، وقت سوئیاں ٹٹولتا تھا

ابھی جو چشمِ گریز  ڈائل سے متصل ہے 


نئی نہیں ہے دلوں کے مابین یہ عداوت 

مرا اوائل ترے اوائل سے متصل ہے 


یہ ایسا جھگڑا ہے وصل ہونے پہ ختم ہوگا

دلوں کا قضیہ کہاں  دلائل سے متصل ہے


یہاں پہ بے نطق تشنہ کامی سے فوت ہونگے

 یہاں کرم بھی صدائے سائل سے متصل ہے


آزاد حسین آزاد