Haroof ilat, arkan,e behar aur mashaq! lesson No 2

admin

 Haroof ilat, arkan,e behar aur mashaq! lesson No 2


 سبق نمبر 2 :


حروفِ علت ، ارکان بحر اور مشق:


دوستو ! آج علمِ عروض کا ہمارا دوسرا سبق ہے آج کے سبق میں ہم حروفِ علت اور جو ارکانَ بحر پچھلے سبق میں سے رہ گٸے تھے وہ ارکان پڑھیں گے اور آخر میں آج کے سبق کی مشق کریں گے ۔


حروف علت کی تعریف :


حروفِ علت وہ حروف ہیں جو کسی وجہ یا سبب کو ظاہر کریں جیسے کیونکہ، اس لیے، بریں سبب، بنا بریں، لہذا، پس، تاکہ، بایں وجہ، چونکہ، چنانچہ وغیرہ۔

شاعری میں جن حروفِ علت کو وزن میں سے گرایا جا سکتا ہے وہ یہ تین ہیں


1-الف

2-واو

3-یاٸے


دوستو ! حروفِ علت جو شاعری میں استعمال ہوتے ہیں ان کو جاننے کے لٸے ہمیں سوال و جواب کا انداز اختیار کرنا پڑے گا تاکہ آپ لوگوں کو تمام چیزیں اچھی طرح ذہن نشین ہو جاٸیں اس لٸے میں چند سوالات لکھ کر پھر تفصیل سے ان کے جوابات لکھتا جاوں گا ۔



سوال نمبر 1: تقطیع کے دوران وہ کون سے حروف ہیں، جنھیں گرانے کی اجازت ہے؟


جواب : 

اگر ردھم متاثر نہ ہو تو ضرورت کے تحت حرفِ علت یعنی ا، و اور ی گرانے کی اجازت ہوتی ہے۔


سوال نمبر 2 : کیا حرفِ علت درمیان سے بھی گرانے کی اجازت ہے؟ جیسے غافل، مناسب یا مناجات وغیرہ میں؟ 


جواب :


ان تمام میں کوئی بھی لفظ ایسا نہیں، جن میں حرف علت گرایا جاسکے۔  حرف علت صرف آخر میں آنے کی صورت میں گرانے کی اجازت ہے۔


البتہ پیار، پیاس، دھیان، کیا (سوالیہ)، کیوں وغیرہ ایسے الفاظ میں شمار ہیں جن میں ی شمار ہی نہیں کی جاتی ۔ یہ ماننا غلط ہے کہ ہم نے یہاں ی گرائی ہے ۔


کچھ لفظ جیسے کوئی یا ہوئی وغیرہ ایسے الفاظ ہیں جہاں درمیانی و گرانے کی اجازت ہے۔ انھیں آپ مختلف طرح سے باندھ سکتے ہیں جیسے کہ ۔۔

فعلن.... 

فاع......

فعو...... 


لفظ "اور" کو فاع اور فع دونوں صورتوں میں باندھنے کی اجازت ہے۔


امید ہے آپ لوگوں کو حروفِ علت سے تعارف ہو گیا ہو گا چنانچہ اب جو ارکان پہلے سبق سے رہ گٸے تھے مندرجہ ذیل میں ان کا سلسلہ شروع کر رہا ہوں سات ارکانِ بحر ہوگٸے تھے لہذا رکن نمبر آٹھ پیشِ خدمت ہے۔


رکن نمبر 8 : فاعِلان


رکن نمبر آٹھ فاعلان ہے جو کہ چھ حرفی ہے جس جا پہلا حرف متحرک دوسرا ساکن ، تیسرا اور چوتھا متحرک جب کہ پانچوں اور چھٹا ساکن ہے مثلاً ہم نشین ، درکنار ، اضطراب ، دردِ عشق ، مشکلات ، خوش لباس وغیرہ


ہوم ورک :


تمام طالب علموں نے اپنے شاعری کے رجسٹر میں ایسے الفاظ ڈھونڈ کر لکھنے ہیں جو چھ حرفی ہوں اور ان کا پہلا حرف متحرک دوسرا ساکن ، تیسرا اور چوتھا متحرک جب کہ پانچوں اور چھٹا ساکن ہو ۔


رکن نمبر 9 : مفعول 


رکن نمبر نو مفعول ہے جو کہ پانچ حرفی ہے جس کا پہلا حرف متحرک ہے دوسرا ساکن تیسرا متحرک اور چوتھا ، پانچواں ساکن ہے 

مثلاً  دیوار ، ہم آپ ، یہ پیار ، منقول ، مشہور ، محبوب ، مدہوش ، منسوب وغیرہ۔


ہوم ورک :


تمام طالب علموں نے اپنے رجسٹر میں ایسے الفاظ تلاش کر کے لکھنے ہیں جو پانچ حرفی ہوں اور ان کا پہلا حرف متحرک  دوسرا ساکن تیسرا متحرک اور چوتھا ، پانچواں ساکن ہو۔


رکن نمبر 10 : فِعِلُن


رکن نمبر دس فعلن ہے جو کے چار حرفی ہے جس کے پہلے تین حرف متحرک ہیں اور چوتھا ساکن ہے مثلاً سبب ، ترا گھر ، نہیں ہے وغیرہ۔


ہوم ورک :


تمام طالب علموں نے اپنی کاپی میں ایسے الفاظ تلاش کر کے لکھنے ہیں جو چار حرفی ہوں اور ان کے پہلے تین حرف متحرک ہوں اور آخری حرف ساکن ہو۔


رکن نمبر 11 : فِعِلَاتُن


رکن نمبر گیارہ فعلاتن ہے جو کے چھ حرفی ہے جس کے پہلے تین حرف متحرک ہیں چوتھا ساکن ہے پانچواں متحرک ہے چھٹا ساکن ہے مثلاً سرِ محفل ، کہاں پہ ہے ، یہ محبت ، شب ِ فرقت وغیرہ ۔


ہوم ورک :


تمام طالب علموں نے اپنے رجسٹر میں ایسے الفاظ تلاش کر کے لکھنے ہیں جو چھ حرفی ہوں او ان کے پہلے تین حرف متحرک ہوں اور چوتھا ساکن ہو پانچواں متحرک ہو اور چھٹا ساکن ہو۔


رکن نمبر 12 : فِعِلَان 


رکن نمبر بارہ فعلان ہے جو کے پانچ حرفی ہے

جس کے پہلے تین حرفی متحرک ہیں چوتھا اور پانچواں ساکن ہے مثلاً لبِ بام ، مری مان ، مجھے آج  وغیرہ۔


ہوم ورک :


تمام ساتھیو نے اپنے شاعری کے رجسٹر میں ایسے الفاظ لکھنے ہیں جو پانچ حرفی ہوں جن کے پہلے تین حرفی متحرک ہوں چوتھا اور پانچواں ساکن ہو۔


رکن نمبر 13 : فَعُولَان :


رکن نمبر تیرہ فعولان ہے جو کہ چھ حرفی ہے جس کا پہلا اور دوسرا حرف متحرک ہے تیسرا ساکن ہے چوتھا متحرک پانچواں اور چھٹا ساکن ہے مثلاً ملاقات ، نٸی درد ، شروعات ، ترا نام ، ستمِ یار ، عداوات وغیرہ۔


ہوم ورک :


تمام احباب نے اپنی کاپی میں ایسے الفاظ تلاش کرنے ہیں جو چھ حرفی ہوں جن کا پہلا اور دوسرا حرف متحرک ہے تیسرا ساکن ہے چوتھا متحرک پانچواں اور چھٹا ساکن ہو۔


رکن نمبر 14 : فَعَول 


رکن نمبر چودہ فعول ہے جو کہ چار حرفی ہے جس کے پہلے دونوں حرف متحرک اور آخری دونوں حرف ساکن ہے مثلاً تمام ، مزار ، علوم ، شراب ، قرار ، امام ، حمام ، قریب ، نصیب ، طبیب ، غریب وغیرہ ۔


ہوم ورک :

عزیز ساتھیو ! امید ہے آج کا سبق آپ لوگوں  کو ضرور پسند آیا ہو گا لہذا اب آپ لوگوں نے اپنے شاعری کے رجسٹر میں تمام ارکان لکھنے ہیں اور ان کے وزن کے الفاظ تلاش کر کے مشق کرنی ہے جتنی زیادہ آپ لوگ مشق کریں اتنا ہی زیادہ عروض پہ عبور حاصل ہو گا ان شاء اللہ ملتے ہیں اپنے اگلے سبق میں تب تک کے لٸے تمام احباب کو میری طرف سے اللہ حافظ۔سلامت ہیں تا قیامت رہیں

طالبِ دعا رمضان نجمی