urdu shayari sekhen:Mutahark, sakan aur arkan-e behar (lesson no 1)

admin

 urdu shayari sekhen:Mutahark, sakan aur arkan-e behar (lesson no 1)



سبق نمبر 1 :

متحرک ، ساکن ، ارکانِ بحر  اور مشق :

السلام علیکم ! دوستو شاعری کوٸی عام سا علم نہیں ہر دیکھنے اور سوچنے والا سمجھتا ہے کہ شعر لکھنا معمولی سی بات ہے مگر شعر کو فنی لحاظ سے لکھنا بہت مشکل اور کھٹن مرحلہ ہے آپ احباب نے اکثر سنا ہوگا کہ شاعر بنتے نہیں بلکہ پیدا ہوتے ہیں یہ بات بھی درست ہے مگر شعر گوٸی کو باقاعدہ علم سمجھ کر سیکھا بھی جا سکتا ہے کیونکہ اچھا شعر وہی ہوتا ہے جو فنی لحاظ سے پورا ہو ۔

اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوٸے میں یہ سلسلہ شروع کر رہا ہوں کہ جو تھوڑا بہت علم میرے پاس علمِ عروض کے لحاظ سے ہے وہ ہر اس شخص سے شیٸر کروں جو شاعری سیکھنے کی خواہش رکھتا ہے۔
اردو شاعری سیکھنے کے لٸے سب سے پہلے ہمیں متحرک اور ساکن کا علم ہونا چاہٸے اس لٸے میں ذیل میں متحرک اور ساکن کے بارے میں تفصیل سے بتاتا ہوں۔

متحرک :

ایسا حرف جس پر زیر ، زبر یا پیش آٸے اسے متحرک کہتے ہیں مثلاً  ”رب “ اس لفظ کا پہلا حرف ” ر “ اور ”ر “ پر زبر ہے اس لٸے ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ ”ر“ متحرک ہے۔

ساکن:

ایسا حرف جس پر زیر ، زبر یا پیش کی بجاٸے جزم آٸے اسے ساکن کہتے ہیں مثلاً ”رب“ اس لفظ کا دوسرے حرف ”ب“ پر جزم ہے اس لٸے ہم کہہ سکتے ہیں کہ ”ب “ ساکن ہے۔

رکن نمبر 1 :  فَا

”فا“ دو حرفی لفظ ہے جس کا پہلا حرف متحرک اور دوسرا ساکن ہے مثلاً رب ،کب،جب،ہم،تم،دو،سو،کل،چل، وغیرہ۔

ہوم ورک:

ہر طالب علم نے ایک علیحدہ رجسٹر بنانا ہے جس پر لا تعداد دو حرفی لفظ لکھ کر پریکٹس کرنی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ دو حرفی الفاظ کی پہچان ہو سکے

رکن نمبر 2 : فاع

رکن نمبر دو ”فاع “ہے جو کہ سہہ حرفی لفظ ہے جس کا پہلا حرف متحرک جبکہ دوسرا اور تیسرا حرف ساکن ہے مثلاً شام، نا ، کام ، جام ، رات ، بات ، مات ، راز ، باز ، تار ، کار ، دور ، حور وغیرہ۔

ہوم ورک :

تمام طالب علموں نے اپنے شاعری کے رجسٹر میں ایسے الفاظ ڈھونڈ کر لکھنے ہیں جو سہہ یعنی تین حرفی ہوں اور ان کا پہلا حرف متحرک ہو اور دوسرا، تیسرا ساکن ہو

رکن نمبر 3 : فعل

فعل سہہ حرفی لفظ ہے جس کے پہلے دو حرف متحرک ہیں اور تیسرا حرف ساکن ہے مثلاً مرا ، بڑا ، شجر ، چلو ، پڑا ، مجھے ، ملا ، خدا ، وفا ، جفا ، سزا ، ,کہو ، ارے ، سنو ، اٹھو ، ترے ، بدن , چمن ،  وغیرہ ۔

ہوم ورک :

تمام طالب علموں نے اپنے رجسٹر میں ایسے الفاظ درج کرنے ہیں جو سہہ حرفی ہوں اور ان کے پہلے دونوں حرف متحرک اور تیسرا حرف ساکن ہو جس طرح اوپر مثال میں الفاظ لکھیں گٸے ہیں ۔

رکن نمبر 4 : فعلن 

رکن نمبر چار فعلن ہے جوکہ چہار حرفی لفظ ہے جس کا پہلا حرف متحرک دوسرا ساکن تیسرا متحرک اور چوتھا ساکن ہے مثلاً میری ، کرسی ، دامن ، گلشن ، عظمت ، محنت ، پہلا ، کتنا ، نجمی ، مولا ، مالک ، سارے ، میلا ، تہمت ، جادو ،  وغیرہ۔

ہوم ورک :

تمام طالب علموں نے اپنے شاعری کے رجسٹر میں اوپر مثال کو مدِ نظر رکھتے ہوٸے ایسے الفاظ لکھنے ہیں جو چہار حرفی ہوں اور ان کا پہلا حرف متحرک دوسرا ساکن تیسرا متحرک اور چوتھا ساکن ہو ۔

رکن نمبر 5 : فَعَولُن

رکن نمبر پانچ فعولن ہے جو کہ پانچ حرفی ہے جس کے پہلے دو حرف متحرک اور تیسرا ساکن ہے جب کہ چوتھا متحرک اور پانچواں ساکن ہے مثلاً تماشا ، محبت ، مصیبت ، کہانی ، جوانی ، جسارت ، حقارت ، تباہی ، مسافر ، براٸی ، خداٸی ، فراہم وغیرہ۔

ہوم ورک :

تمام طالب علموں نے اپنے رجسٹر میں ایسے پانچ حرفی الفاظ لکھنے ہیں جن کے پہلے دو حرف متحرک ہوں تیسرا ساکن ہو چوتھا متحرک اور پانچواں ساکن ہو۔

رکن نمبر 6 : فاعِلُن 

رکن نمبر فاعلن ہے جو کہ پانچ حرفی ہے جس کا پہلا حرف محرک اور دوسرا ساکن ہے جب کہ تیسرا اور چوتھا متحرک اور پانچواں ساکن ہے مثلاً فاصلہ ، مشورہ ، آسرا ، فیصلہ ، دل جلے ، تبصرہ ، بے وفا ، انتہا ، آدمی ، آخری ، بندگی ، سادگی وغیرہ۔

ہوم ورک :

تمام طالب علموں نے اپنے رجسٹر میں ایسے پانچ حرفی الفاظ لکھنے ہیں جن کا پہلا  حرف متحرک دوسرا ساکن تیسرا اور چوتھا متحرک جب کہ پانچواں ساکن ہو ۔

رکن نمبر 7 : فاعِلَاتُن

رکن نمبر سات فاعلاتن ہے جو کہ سات حرفی ہے جس کا پہلا حرف متحرک دوسرا ساکن تیسرا اور چوتھا متحرک  جب کہ پانچواں ساکن چھٹا متحرک  ساتواں ساکن ہے مثلاً 
ہم نواٸی ، بے وفاٸی ، زندگی سے ، یہ محبت ، اقتصادی ، انقلابی ، وغیرہ۔

ہوم ورک :
ہر طالب نے اپنے شاعری کے رجسٹر میں ایسے الفاظ تلاش کر کے لکھنے ہیں جو سات حرفی ہوں جن کا پہلا حرف متحرک دوسرا ساکن تیسرا اور چوتھا متحرک  جب کہ پانچواں ساکن چھٹا متحرک  ساتواں ساکن ہو۔

نوٹ :

آپ دو الفاظ کو ملا کر بھی سات حرفی لفظ کا وزن پورا کر سکتے ہیں جیسا کہ اوپر مثال میں زندگی سے اور یہ محبت کے الفاظ کو ملا کر سات حرفی لفظ کاوزن پورا کیا گیاہے 
امید ہے آج کا سبق تمام احباب کو پسند آیا ہوگا اپنی آراء کا اظہار کومنٹ بکس میں ضرور کریں بہت شکریہ سلامت رہیں ۔

اہم بات :

عزیز ساتھیو ! آپ جتنی زیادہ مشق کریں گے اتنا زیادہ آپ کے علم میں اضافہ ہو گا اس لٸے خوب دل لگا کر مشق کریں اور زیادہ سے زیادہ الفاظ ڈھونڈ کر اپنے رجسٹر میں درج کریں۔

عزیز ساتھیو ! آج کا سبق اپنے اختتام کو پہنچا اگر آپ لوگوں کو میری یہ کاوش اچھی لگی ہے تو پلیز کمنٹ بکس میں جا کر ضرور آگاہ کریں تاکہ میں اس سلسلہ کو جاری و ساری رکھ سکوں اللہ پاک آپ تمام کو سلامت رکھے۔
 بہت شکریہ